حکومت تلنگانہ ریاست بالخصوص حیدرآباد کو ڈیجیٹل حیدرآباد میں تبدیل کرنے اور سرکاری دفاتر کو انٹرنیٹ سے مربوط کرنے کے اقدامات کر رہی ہ -دوسری جانب مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے صدر دفتر میں ملازمین کو حاصل انٹرنیٹ کی سہولت بند کردی گئی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ عہدیدار و ملازمین دفتری اوقات میں انٹرنیٹ پر اوقات ضائع کرتے ہوئے یو ٹیوب‘ فیس بک‘ اور آن لائن گیمس میں وقت گنوا رہے ہیں۔ حکومت تلنگانہ کے وزارت انفارمیشن ٹکنالوجی کی جانب سے ریاست کے تمام محکمہ جات کو آن لائن کرنے کے علاوہ آن لائن نمائندگیاں و شکایات وصول کرنے کی تاکید کی جا رہی ہے لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے دفتر میں انٹرنیٹ خدمات برخواست کئے جانے سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکام جی ایچ ایم سی کیلئے نقصاندہ ثابت ہونے لگے ہیں اسی لئے اعلی عہدیدار وں نے بعد مشاورت ملازمین کے کمپیوٹرس سے انٹرنیٹ کی سہولت کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ عہدیداروں کے کمپیوٹرس میں انٹرنیٹ خدمات جوں کی توں برقرار رہیں گی۔ بتایاجاتاہے کہ کمشنر جی ایچ ایم سی ڈاکٹر بی جناردھن ریڈی نے انفارمیشن ٹکنالوجی کے متعلق مکمل علحدہ شعبہ شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں اقدامات کرچکے ہیں اور آئی ٹی کے امور اسی شعبہ کے حوالے کئے جا رہے ہیں لیکن اس کے باوجود تمام شعبہ جات کو ایک دوسرے سے مربوط رکھنے کیلئے انٹرنیٹ کی سہولت کی فراہمی ناگزیر ہے لیکن اس سہولت کا غلط استعمال کئے جانے کی شکایات کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ تمام شعبوں میں ملازمین کو حاصل انٹرنیٹ کی سہولت کو ختم کیا جائے۔ بتایا جاتا ہے کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے ملازمین کی جانب سے انٹرنیٹ پر وقت ضائع کرنے اور دفتری کام کاج میں خلل کے سبب یہ فیصلہ کیا گیا ہے لیکن ملازمین کا کہناہے کہ اگر انتظامیہ یہ تصور کرتا ہے کہ انٹرنیٹ کے بند کئے جانے سے مسئلہ حل ہو جائے گا تو یہ غلط فہمی ہے کیونکہ اس سے انتظامیہ اور ملازمین کے درمیان خلیج میں اضافہ ہوگا اور موجودہ دور میں تمام کے فون میں انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے۔ ملازمین کا کہناہے کہ اس طرح انٹرنیٹ خدمات بند کرنے سے صورتحال کو معمول پر لایاجانا ممکن نہیں ہے بلکہ اگر عہدیداراس سلسلہ میں کوئی بھی اقدام کرنے سے قبل ملازمین سے بات کرتے تو مسئلہ کا حل نکل سکتا تھا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات کو بہتر بنانے اور ان میں باقاعدگی پیدا کرنے کے علاوہ تفریحی ویب سائٹس کو بند کرنے کے بعد دوبارہ ملازمین کو فراہم کی جانے والی انٹرنیٹ سہولتیں بحال کردی جائیں